پارٹی‘ متحد، اپوزیشن کی ہانڈی بیچ چوراہے پھوٹے گی:وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر تعلیم و صدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود کی زیر صدارت صوبائی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں فواد چوہدری، اعجاز چوہدری، صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، سید صمصام علی بخاری، ڈاکٹر یاسمین راشد، رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل، سمابیہ طاہر، شکیل نیازی، محمد احمد چٹھہ، انصر ھرل، جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ہمایوں اور سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے شرکت کی۔ آغاز پشاور سانحہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور افسوس سے ھوا۔ شرکاء نے سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کو فعال بنانے اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ حکومت اپنے اتحادیوں سے ملکر مہنگائی سمیت تمام بحرانوں پر قابو پا لے گی۔ اپوزیشن پرانی تنخواہ پر کام کرتی رھے گی اور اپوزیشن کی ہانڈی بیچ چوراہے پھوٹے گی۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ٹولے کو اپنی کرپشن بچانے کی فکر پڑی ھوئی ہے۔ کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ عمران خان ان لٹیروں کو این آر او نہیں دے گا۔