پاکستانی مصنوعات بہترین معیار کے ساتھ عالمی منڈی پر غلبہ کی صلاحیت رکھتی ہیں: گورنر
لاہور (کامرس رپورٹر+ اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور چیمبر کے بزنس کنزیومر ایکسپو کے دوسرے روز دورہ کیا۔ گورنر پنجاب نے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر اور دیگر کے ساتھ 170 سے زائد سٹالز کا دورہ کیا۔ گورنر نے ایل سی سی آئی بزنس کنزیومر ایکسپو میں نمائش میں رکھی گئی پاکستانی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ انہوں نے مقامی صنعتوں کو ملکی برآمدات میں اضافے اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ معاشی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ پاکستانی مصنوعات بہترین معیار کے ساتھ عالمی منڈی پر غلبہ پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ میلے اور نمائشیں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خصوصی توجہ کا مرکز ہیں کیونکہ یہ بہترین مارکیٹنگ ٹولز ہیں جو نہ صرف برانڈ ویلیو کو بڑھاتے ہیں بلکہ غیر ملکی خریداروں کو بھی راغب اور مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان میں صنعت کے فروغ کے لیے ملک میں انقلابی اقدامات کرنا ہوں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وہ صوبائی خاتون محتسب نبیلہ حاکم علی خان کی زیر نگرانی ہفتہ کو لاہور میں ہونے والی ویمن کانفرنس فار پیس 2022ء سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور میں امریکی قونصل جنرل ولیم کے، سماجی کارکن فرزانہ باری، صوبائی خاتون محتسب نبیلہ حاکم علی خان اور ڈاکٹر صبور احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کو مضبوط بنانے اور ان کو زیادہ سے زیادہ روزگار کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔ ہم خواتین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ یں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین لڑاکا طیارے اڑاتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں خدمات انجام دیتی ہیں جبکہ ایک خاتون آرمی میں تھری سٹار جنرل بھی بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی منزل ابھی دور ہے۔ ہمیں اس راہ میں آنے والی مشکلات کا پورا ادراک ہے لیکن ہم اپنے آہنی عزم سے اس ضمن میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگے بڑھتے ہوئے اپنے اہداف حاصل کر کے رہیں گے۔