محاصرے ، تلاشی کارروائیاں جاری ، دوران ڈیوٹی قابض فوجی ہلاک
سری نگر (کے پی آئی + اے پی پی) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کا ایک اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔ سی آر پی ایف کی132 بٹالین کا اہلکار دنیش کمار سرینگر کے علاقے مائسمہ میں اپنے کیمپ میں بیہوش ہو کر گر پڑا۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیدیا۔ دوسری جانب صحت افزا مقامات گلمرگ اور سونمرگ میں1,358 کنال اراضی بھارتی فوج کو الاٹ کر دی گئی۔ جبکہ قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی کے گھر واقع سری نگر سے ایک دھائی بعد بھارتی فورسز کا پہرہ ہٹا دیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے کشمیر کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کے مہتا کو حکم دیا ہے کہ جموں میں سرکاری سرپرستی میں غیرسرکاری مسلح گروپس تشکیل دیئے جائیں۔ ان کے ارکان کو ہتھیار اور تنخواہ بھی دی جائے۔ ان گروپس کا نام ولیج ڈیفنس گروپس (VDGs) ہوگا۔ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ اور کشمیر ہائی کورٹ کے سابق جج حسنین مسعودی نے کہا کہ ان گروپس کی تشکیل ماورائے آئین و قانون ہے۔سرینگر کے ایک ہسپتال میں شدید آگ بھڑک اٹھی تاہم مقامی لوگوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں افرادکی جانیں بچائیں۔ آتشزدگی کے وقت تقریباً 110 مریض ہسپتال کے وارڈز میں داخل تھے جن میں وہ مریض بھی تھے جن کا آپریشن کئی گھنٹے پہلے ہو چکا تھا۔ ایک سرکاری اہلکار نے بتایاکہ ابتدائی رپورٹس سے پتہ چلا آگ آپریشن تھیٹر سے شروع ہوئی اور آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے پھیلی تاہم تفصیلات کا انتظار ہے۔