• news

اپوزیشن ہمارے 10 ارکان توڑتی ہے تو ہم 15 توڑیں گے: پرویز خٹک

نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کے دس بندے توڑتی ہے تو حکومت اپوزیشن کے 15 بندے توڑے گی۔ اپوزیشن کو عدم اعتماد پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین چار دن میں اپوزیشن کے ساتھ ممبرز اپنے ساتھ ملا لئے ہیں۔ عدم اعتماد کے دن ان کی سیٹیں خالی ہوں گی۔ یہ لوگ عدم اعتماد لائیں ان کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔ اپوزیشن کی عدم اعتماد بری طرح ناکام ہو گی۔ انہیں دن میں تارے نظر آئیں گے۔ عمران خان گھبرانے والا لیڈر نہیں۔ عمران خان کو اﷲ ہی گرا سکتا ہے۔ اپوزیشن نہیں گرا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہٹانے کے لئے مولانا فضل الرحمن‘ آصف زرداری اور نواز شریف سب ہی اکٹھا ہو گئے ہیں لیکن یہ پھر بھی حکومت نہیں گرا سکتے۔ پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جتنے چاہے جلسے جلوس‘ لانگ مارچ کرے ہمیں کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خوف سے اپوزیشن اکٹھا ہوئی ہے۔ حزب اختلاف کے پاس حکومت کے خلاف کوئی ایجنڈا نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن