• news

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ ، پاکستان ، بھارت آج مد مقابل ، اچھا پر فارم کرینگے : بسمعہ معروف 

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میںجنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش جبکہ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیدی ۔ نیوزی لینڈمیں کھیلے جارہے میگاایونٹ میں جنوبی افریقہ نے 207رنز بنائے ۔ لائورا کلورڈٹ 41‘مریزینی کیپ 42اور کلوئی ٹریون 39رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ فریحہ نے تین ‘جہاں آراعالم اور ریتو مونی نے دو دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ بنگلہ دیش ویمنز ٹیم 175رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔ شرمین اختر34‘شمینہ سلطانہ 27‘نگار سلطانہ 29اور ریتو مونی 27رنز بناکر نمایاں رہیں ۔میچ کی بہترین کھلاڑی آیابونگا خاکا نے چار کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ دوسرے میچ میں آسٹریلیا ویمنز ٹیم نے تین وکٹوں پر 310رنزبنائے ۔ ریچل ہینز130‘کپتان میگ لاننگ 86رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ نیٹ سکائیور نے دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم 8وکٹوںپر 298رنز بناسکی ۔ نیٹ 
سکائیور 109رنز پر ناٹ آئوٹ رہیں ۔ ٹیمی بیو مونٹ 74رنز بناکر آئوٹ ہوئیں ۔ الانا کنگ نے تین ‘جیس جونا سین اور تاہلیا میگراتھ نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ ریچل ہینز کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی ۔ میچ صبح چھ بجے شروع ہوگا۔کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ کیلئے کراچی میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں سخت مشقیں کیں، جن کے ثمرات کا وقت آگیا ہے۔ سکواڈ میں شامل ہر رکن کا اعتماد بلند ہے اور انہیں امید ہے کہ اس ماحول میں پاکستان کی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹریولنگ ریزرو سمیت سکواڈ میں شامل ہر رکن ان کیلئے میچ ونر ہے اور بحیثیت کپتان انہیں تمام کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ تمام کھلاڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہیں اور وارم اپ میچز کے نتائج اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔میگا ایونٹ کیلئے پاکستان کی تیاری مکمل ہے، یہ کنڈیشنز ہمارے فاسٹ باؤلرز کیلئے سازگار ہیں۔ کسی بھی ایونٹ کا ابتدائی میچ بہت اہم ہوتا ہے، کوشش ہوگی کہ پہلے میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پورے ٹورنامنٹ میں یہی تسلسل برقرار رکھا جائے۔تمام ٹیموںکو ٹف ٹائم دینگے۔ بیٹی کے آنے سے زندگی بدل گئی ہے مگر کرکٹ کو بھی دیکھنا ہے ۔میں نے امی کو بہت تنگ کیا تھا۔ بائیو سکیور ببل میں رہنا آسان نہیں ہوتا تاہم چونکہ بیٹی ساتھ ہے تو اس کیساتھ انجوائے کر رہی ہوں۔وہ بھی خوش ہے کہ میں ہر وقت اس کیساتھ ہوں۔ مجھے اپنے کیریئر اور کھیل کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ اس کی کتنی زیادہ اہمیت ہے۔ میری توجہ مکمل طور پر اپنی کرکٹ پر ہے۔ والدہ کو ساتھ رکھنے کا مقصد یہی ہے کہ وہ اچھی طرح فاطمہ کی دیکھ بھال کر سکیں اور میں میدان میں اپنی توجہ رکھ سکوں۔ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے ۔ میگا ایونٹ سے قبل اچھی تیاری کی تھی جس کا نتیجہ وارم اپ میچز میں جیت کی صورت میں ملا ہے ۔ امید ہے بھارت سمیت تمام حریف ٹیموں کیخلاف اچھا کھیل پیش کرکے بہترین نتائج دینے کی کوشش کرینگے ۔ تمام ٹیموں کو ٹف ٹائم دینگے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن