نمبر پورے ، تحریک تیار ، حکمران ملک سے بھا گنے کی تیاریاں کر رہے: فضل الرحمن
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ضرور کامیاب ہوگی، ہم ناکام نہیں لوٹیں گے، نمبر گیم پورے ہے۔ پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران تنہا ہو چکے ہیں اور ملک سے بھاگنے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ ہماری تحریک عدم اعتماد ضرور کامیاب ہوگی۔ فضل الرحمان نے کہا عدم اعتماد کی تحریک بھی تیار ہے‘ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ حکمران قوم کے پیسے سے اپنے ممبران کو فرار کرا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ سفاک ہاتھوں نے پشاور کے ساتھ بڑا ظلم کیا۔ کسی زمانے میں کچھ لوگ فسادات کرتے تھے جو ناکام ہو چکے تھے۔ متاثرین کو اطمینان دلانے کے لئے آئے ہیں۔ ہم سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور باہمی اخوت کا ماحول خراب نہیں ہونے دیں گے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ریاست عوام کو تحفظ فراہم کیوں نہیں کر سکتی۔ حکمران سمجھتے ہیں کہ عوام کے نمائندے ہیں لیکن وہ ناکام ہو چکے ہیں۔ تاہم ہم کبھی ناکام نہیں لوٹے‘ ہم نے شعور اور حوصلہ پیدا کیا جس کے باعث حکمران تنہا ہو چکے ہیں۔