• news

وہاڑی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان تمام وعدے پورے کئے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میلسی سمیت ضلع وہاڑی کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میلسی کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں بہت بڑے عوامی اجتماع سے سرائیکی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی میں یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیرو توسیع کے منصوبے کا اسی سال سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ بورے والا کے عوام کو آمدورفت میں سہولت اور آسانی فراہم کرنے کیلئے بورے والا بائی پاس بنائیں گے۔ میلسی میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے لئے فنڈز کی منظوری دے رہے ہیں۔ میلسی کے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے کھیل کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سٹیڈیم بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خطاب میں مزید کہا کہ میلسی اور وہاڑی کے عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ عوام کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے شب و روز کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ محض دعوے ہی نہیں کرتے عملی طورپر کام کرکے دکھاتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ ریکارڈ مدت میں پورا کیا۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے 35فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کیے۔ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کا کوٹہ  بھی مختص کررہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی تعمیر ترقی کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کیے اور اپنا وعدہ نبھایا۔ ترقی کے جو وعدے کیے پورے کررہے ہیں اورجو عہد کیے نبھا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی کی طرف سے سپاسنامے میں کیے گئے مطالبات منظورکرنے کا اعلان بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن