سیاسی جماعت میں نہ جانے والے گروپ بنا کر بلدیاتی انتخابات لڑ سکیں گے: الیکشن کمشن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے جلد الیکٹورل گروپس کے اندراج کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ ایسے افراد جو کسی سیاسی جماعت کے ساتھ شمولیت اختیار نہیں کرنا چاہتے وہ گروپ تشکیل دے کر انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ پنجاب میں پہلی بار یہ عمل متعارف کیا جا رہا ہے۔ ضلعی الیکشن کمشنرز متعلقہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کر دیں۔ مجوزہ پولنگ سٹیشنز کا دورہ کر کے تمام سہولیات کا جائزہ لیں اور فہرست تیار کر لیں۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے مختلف سرکاری محکموں سے پولنگ سٹاف کا ڈیٹا لیا جائے۔ ترجمان کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر ملتان میں تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کی موجودگی میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر ملتان ندیم قاسم، ضلعی الیکشن کمشنر ملتان سلیم اختر خان اور جاوید اقبال، ضلعی الیکشن کمشنر خانیوال اکبر علی، ضلعی الیکشن کمشنر لودھراں عدنان ظفر اور ضلعی الیکشن کمشنر وہاڑی اصغر علی نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی تصدیق کا کام انتہائی ایمانداری اور دلجمعی کے ساتھ کیا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر