• news

عمران کچھ کرنے کے قا بل ہی نہیں رہیں گے ، جیل جا ئیں گے: بلاول

گجرات+ وزیر آباد+ لالہ موسیٰ+ کھاریاں+ گوجر خان+ لاہور  (نامہ نگاران+ نامہ نگار) بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں الیکشن کرائیں اور ہمارا مقابلہ کریں، کٹھ پتلی کو اب جانا ہوگا۔  گجرات میں لانگ مارچ کے شرکاء  سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پورا ملک سراپا احتجاج ہے، اب بہت ہوچکا، ان کی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، صاف اور شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ ہے، عمران خان نے پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کر کے معاشی بحران پیدا کیا، ہم نے پہلے دن سے اس نالائق کو نہیں مانا، پنجاب اور سندھ کے عوام نے  گو سلیکٹڈ گو  کا نعرہ لگا دیا۔ عمران خان کی پہچان سلیکٹڈ وزیراعظم ہے، یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں، عمران امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں آیا، پیپلز پارٹی نے کبھی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہیے، عوام اتنا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، عمران خان کی پالیسی امیروں کو ریلیف اور غریب کو تکلیف پہنچانا ہے۔  وزیراعظم اتنے گھبرا گئے ہیں کہ گالیاں دینے پر اتر آئے ہیں، عام آدمی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے، انہوں نے مزدوروں اور کسانوں کا معاشی قتل کیا، ہم ان سے حساب لینے کیلئے نکلے ہیں۔ ایک شخص کیخلاف پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ عوام کا جذبہ دیکھ کر کپتان گھبرا گیا۔ پنڈی کا شیطان کہتا ہے عمران خان گیا تو گھر نہیں بیٹھے گا۔ عمران خان گھر نہیں جیل جائیں گے۔ عوام اپنے حقوق چھیننے کیلئے نکلے ہیں۔ منرل قریب ہے۔ سب جانتے ہیں معاشی بحران کا ذمہ دار کون ہے۔ عمران کو کچھ کرنے کے قابل ہی نہیں چھوڑیں گے۔ عمران خان آپ کے ووٹوں کی وجہ سے نہیں امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں۔ اس سے قبل وزیر آباد میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جتنے خوفزدہ ہوں گے ان کا لہجہ اتنا ہی تلخ ہو گا۔ لالہ موسیٰ سے نامہ نگار کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی پہچان سلیکٹڈ وزیراعظم ہے، یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں۔ جی ٹی روڈ کھاریاں میں کھڑے ہوکر کہتا ہوں ہم ملک بچانے نکلے ہیں۔ آؤ ہمارے ساتھ چلیں۔ یہ شہیدوں اور قائد عوام کا قافلہ ہے۔ بلاول نے گوجر خان  میں خطاب کرتے کہا ہے کہ قائد عوام اور بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے شہادت قبول کی۔ ہم عوام کے حق حاکمیت کیلئے  جدوجہد کر رہے ہیں۔ شہید بھٹو کو سولی پر چڑھا کر پی پی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ بے نظیر بھٹو نے ہر سازش کا مقابلہ کیا۔ نہتی لڑکی نے آمروں کا مقابلہ کیا۔ ہم نے لوگوں کو روزگار دلوانا ہے۔ اس سلیکٹڈ کو نکالنا ہے۔ صاف شفاف الیکشن کرانا ہے۔ عوام کی مدد سے ایک بار پھر حکومت بنائیں گے۔ آج ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے۔ ہم کٹھ پتلی حکومت  کو نہیں مانتے۔ جمہوریت بحال کریں گے۔ عمران! تھوڑا ٹائم رہتا ہے استعفیٰ دیدو۔ عدم اعتماد کا وقت آ گیا ہے۔ اب بھی عمران کو کہتا ہوں بہادر ہو تو استعفیٰ دو اور مقابلہ کرو۔ علاوہ ازیں بلاول کی قیادت میں عوامی مارچ آج 8 مارچ  منگل کو اپنی منزل اسلام آباد ڈی چوک پہنچے گا۔ نیازی حکومت کا بستر گول ہونے والا ہے۔ اسلام آباد پہنچ کر آئینی و جمہوری حملہ کریں گے کہ تم زندگی بھر  یاد رکھو گے۔ سیاست کو گالی اور حکمرانی کو مذاقِ بنانے والوں کا عوامی طاقت سے احتساب کریں گے۔ ہم عمران خان سے پورا حساب لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن