روس نے 4شہروں میں جنگ بندی کر دی ؒ ثالثی کرائیں ، صدر یورپی یو نین کا عمران کو فون
ماسکو+ کیف (شنہوا+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ اے پی پی) روس نے یوکرائن کے دارالحکومت کیف سمیت 4 شہروں میں جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ روس کی وزارت دفاع کے مطابق کیف، ماریوپول، خارکیف اور سمی میں جنگ بندی انسانی بنیادوں پرکی جائے گی۔ روسی وزارت دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنگ بندی کا فیصلہ انسانی بنیادوں پرکیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو انخلا کی سہولت دینا ہے۔ یوکرائن کے مختلف علاقوں میں روس کی بمباری اور شیلنگ جاری ہے جبکہ یوکرائنی اور روسی افواج میں لڑائی بھی ہورہی ہے۔ روس کے یوکرائن پر حملے کے 12 ویں روز بھی لڑائی جاری ہے جبکہ روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ کیف کے ہتھیار ڈالنے تک لڑائی جاری رہے گی۔ جاپان کے وزیراعظم فومیوکیشیدا نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرینی مہاجرین کو قبول کرے گا اور مالی امداد فراہم کرے گا۔ امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کی انتہائی معتبر رپورٹس ملی ہیں کہ رورس یوکرائن پر کئے جانے والے حملوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ جو جنگی جرم کے مترادف ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان اور یورپی یونین کے صدر کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ دونوں رہنماؤں کی روس اور یوکرائن تنازعہ پر بات چیت ہوئی۔ صدر یورپی یونین نے عمران خان سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ امریکہ‘ برطانیہ اور کینیڈا سے بڑی تعداد میں جنگجو یوکرائن پہنچ گئے۔ غیر ملکی جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ لڑائی ہو یا امدادی کارروائی ہم ہر کام کر سکتے ہیں۔ یوکرائن کی فوج نے بحیرہ اسود میں روسی بحری جہاز تباہ کر دیا۔ فوجی پریس آفس کے مطابق روسی بحری جہاز اوڈیسا پر حملوں میں شریک تھا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یو اے ای نے یوکرائن کیلئے 30 ٹن امداد روانہ کر دی ہے۔ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں روسی سفارتخانے پر دھاوا بولنے کی کوشش کی گئی۔ ترجمان کریملن نے کہا ہے کہ یوکرائن شرائط پر پورا اترتا ہے تو روسی فوجی ایکشن ایک لمحے میں رک جائے گا۔ یوکرائن فوجی کارروائی بند کرے، کریمیا کو روسی علاقہ تسلیم کرے۔روس اور یوکرائن کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ختم ہو گیا۔ یوکرینی وفد کے مطابق روس کے ساتھ مذاکرات کا حوصلہ افزاء نتیجہ نہیں نکلا۔ انسانی راہداری کے قیام کے سلسلے میں پیشرفت ہوئی ہے۔