نسلہ ٹاور کے مالک عبدالقادر کاٹیلیا انتقال کر گئے
کراچی (این این آئی) نسلہ ٹاور کے مالک عبدالقادر کاٹیلیا انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر مسمار کیے گئے نسلہ ٹاور کے بلڈر عبدالقادر انتقال کرگئے، عبدالقادر کاٹیلیا آغا خان اسپتال میں زیر علاج تھے۔عبدالقادر کاٹیلیا کی نماز جنازہ پیر کو بعد نماز عشا ادا کی گئی، جس بلڈر، مرحوم کے عزیزواقارب سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ عدالتی حکم پر کراچی میں نسلہ ٹاور کے انہدام نے تعمیراتی شعبے کو سخت خدشات سے دوچار کیا تھا، اور تعمیرات سے متعلقہ سرکاری اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان بھی لگا۔ یاد رہے کہ 5 فروری کو سپریم کورٹ کے حکم پر کثیر المنزلہ عمارت نسلہ ٹاور کو 69 روز بعد مکمل طور پر مسمار کیا گیا، سپریم کورٹ کے حکم پر 22 نومبر 2021 کو نسلہ ٹاور کو توڑنے کا کام شروع کیا گیا تھا۔