اقوام متحدہ مسلم خواتین کے بنیادی حقوق کی پامالی رکوائے: سیاسی و سماجی تنظیمیں
لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے لاہور میں تقریبات ہوئیں۔ ق لیگ شعبہ خواتین پنجاب کے زیراہتمام اجلاس میں پیش کی گئی قرارددوں میں خواتین رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ نے بلدیاتی الیکشن میں جو نشستیں خواتین کو دیں موجودہ اور گزشتہ حکومتوں نے انہیں چھین لیا ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کے دور میں دی گئی خواتین کی نشستیں برقر ار رکھیں جائیں۔ تقریب میں شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرخ خان، مرکزی عہدیداران فوزیہ ناز و دیگر دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ق لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینٹر کامل علی آغانے کہا کہ مسلم لیگ نے خواتین کی فلاح و بہبود اور خواتین کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلوانے کے حوالے سے جتنا مثالی کام کیا کسی اور جماعت نے نہیں کیا۔ بیگم فرخ خان مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین و دیگر نے کہا کہ خواتین ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے محترمہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے قائدین کا ہر اول دستہ بنیں۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام تقریب میں مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی، ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی و دیگر نے کہاکہ معاشرے کی ہر اکائی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ استحکام خاندان ہو یا عورت کا تحفظ اس میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔ عالمی یوم خواتین کا مقصد دراصل عورت کی خاندانی نظام میں اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کا احترام کرتے ہوئے مسلمان خواتین کے بنیادی حقوق کی دنیا بھر میں پامالی کا سلسلہ رکوانے میں اپنا جائز اور مثبت کردار ادا کرے۔ عورت مارچ کے رضاکاران نے کہا کہ ہم خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں صرف چند سلوگنز پر تنقید مناسب نہیں۔ ہم اس سال عورت کیلئے انصاف کا نعرہ لے کر باہر نکل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حبہ ایڈووکیٹ، زنایا چوہدری، اقرا و دیگر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ دریں اثنا بانڈڈ لیبر لبریشن فرنٹ پاکستان کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر یاور عباس بخاری نے کہا کہ وکلا برادری کو خواتین کے خلاف جنسی و نفسیاتی تشدد روکنے کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔ قبل ازیں رسمی و غیر رسمی سیکٹر میںکام کرنے والی خواتین کے مسائل کے حوالے سے سماجی تنظیموں، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، وکلا و دیگر خواتین نے اظہار خیال کیا۔ الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے مذاکرہ میںشرکاء نے کہا کہ خواتین کے مسائل کو حل اور حقو ق کی فراہمی محض ایک دن کو خواتین سے منسوب کرکے ممکن نہیں ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے اسلامی نظام زندگی کے تحت حقوق و فرائض کی ادائیگی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔