• news

عوامی مارچ‘ ڈی چوک پر پاور شو کی تیاریاں مکمل‘ اہم شخصیات پی پی میں شامل ہوں گی 

اسلام آباد/ راولپنڈی (عترت جعفری+ محبوب صابر+ اکمل شہزاد + عزیز علوی)  پی پی پی مارچ کے روات سے ڈی چوک  کے روٹ کو پی پی پی کے بینرز اور جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے اور ڈی چوک پر بھرپور پاور شو کی تیاری مکمل ہے۔ آج کے جلسے میں سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے کارکنوں کو   ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی۔ روات سے لانگ مارچ کے   ڈی چوک کے راستے میں آزاد کشمیر، گلگت و بلتستان کے قافلے  اس میں شامل ہوں  گے جبکہ کے پی کے کا قافلہ سیدھا ڈی چوک آئے گا۔ جلسہ سے پی ڈی ایم کی قیادت بھی خطاب کرے گی۔ عوامی لانگ مارچ کے شرکاء کے اسلام آباد ڈی چوک پہنچنے سے قبل انہیں ڈی چوک روات میں قیام کے لیے بندوبست کر دیا گیا۔  پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کو میزبانی کا کام تفویض کیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈی چوک روات سے قبل اپنے خاندان کی ذاتی ملکیت کی زمین پر ہزاروں شرکاء کیلئے رات سونے، رات کے کھانے اور صبح کے ناشتے کا بندوبست کر دیا ہے۔ خیمہ بستی کے لیے تمبو کناتوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ شرکاء کے لیے گرم بستر، لحاف اور ساتھ ساتھ شدید سردی کی صورت میں ہیٹرز کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر سے پولیس نفری اسلام آباد پہنچا دی گئی۔ ویمن پولیس کی نفری بھی لانگ مارچ کے اطراف تعینات رکھی جائے گی۔ ڈی چوک پر سکیورٹی سخت کر دی گئی تاکہ لانگ مارچ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ پلازوں اور اونچی عمارتوں کی چھتوں سے بھی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو کی قیادت میں لانگ مارچ کیلئے جڑواں شہروں کی پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک کے متبادل راستوں کے انتظامات مکمل کر لئے۔ سٹی ٹریفک پولیس افسر نوید ارشاد نے جی ٹی روڈ ، روات چوک اور دیگر راستوں کی ٹریفک ڈائیورشنز بھی چیک کیں تاکہ کسی جگہ ٹریفک جام نہ ہوسکے۔

ای پیپر-دی نیشن