یوم پاکستان پر 20 دہشتگردوں کے داخلہ کی اطلاع، سکیورٹی ریڈ الرٹ
پشاور (بیورو رپورٹ) 23 مارچ یوم پاکستان کی تقریبات اور اہم سرکاری عمارات کو نشانہ بنانے کے لئے 20دہشت گردوں کے پاکستان میں داخلے کی اطلاع کے بعد سکیورٹی اداروں کوریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور سے چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور، ریجنل پولیس آفیسرز، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس محکمہ انسداد دہشت گردی اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشن ونگ پشاور کو جاری سرکلر کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے 20 دہشت گردوں جن میں خودکش بمبار بھی شامل ہیں پر مشتمل ایک گروپ کے افغان ضلع کونڑ سے پاکستان میں داخل ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ یہ دہشت گرد 10سے 12دنوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں 23 مارچ کی تقریبات اور دیگر اہم سرکاری مقامات و عمارتوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ مراسلے میں پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے وہ سکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات سمیت سرچ آپریشنز کا سلسلہ تیز کریں اور پروگریس رپورٹ سی پی او ارسال کی جائے۔