جعلی عدم اعتماد والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی:سواتی فنڈ نہ دینے کی دھمکی والی ویڈیو وائرل
مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وزیر ریلوے سینیٹر اعظم خان سواتی کی مخالف بلدیاتی امیدواروں کے جیتنے کی صورت میں فنڈ نہ دینے کی دھمکی والی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اعظم سواتی پی ٹی آئی کے تحصیل چیئرمین کے امیدوار کی انتخابی مہم کے اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے سردار یوسف کو ساڑھے 3 سال میں ایک روپیہ فنڈ نہیں دیا۔ پی ٹی آئی امیدوار کے علاوہ کوئی امیدوار کامیاب ہوا تو اﷲ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ اسے ایک پیسہ نہیں دوں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے چوروں کی کمائی کا ذریعہ بند کیا ہوا ہے۔ تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ریلوے میں منافع زیادہ ہوگا تو کرایہ بھی کم ہو گا۔ 70سال سے پاکستان ریلوے کا سکریپ چوری ہو رہا ہے جس کو روکنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس طرح بولتی رہی ہر بل پر ان کو شکست دی۔ بلاول زرداری تو ذوالفقار علی بھٹو نہیں ہے۔ جعلی عدم اعتماد والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ آئندہ آنے والی حکومت بھی ہماری ہی ہوگی۔ اگلے ہفتے کابینہ سے برانڈنگ آف ٹرین منصوبہ منظور کرائیں گے۔