فیروزوالہ: اغوا کے بعد 3 سالہ بچہ قتل، وزیراعلیٰ کا نوٹس، رپورٹ طلب
لاہور+ فیروزوالہ (نامہ نگار) شرقپور خورد (کوٹ عبدالمالک) میں اغواء کے بعد 3 سالہ بچہ قتل کردیا گیا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیروز والہ میں اغواء کے بعد 3 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ قتل میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور مقتول بچے کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے نوٹس لیکر آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ ملزموں کو ٹریس کر کے جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا، ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ اور ڈی ایس پی سی اے اے شبیر احمد بھٹی ڈی ایس پی فیروزوالا ناصر مشتاق کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی۔