انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے صوفیاء کی تبلیغ کو عام کیا جائے:طاہر رضا بخاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) برصغیر پاک وہند کے معروف روحانی بزرگ حضرت سیّد احمد سلطانؒ المعروف سخی سرورکے 865 ویں سالانہ عرس مبارک کی خصوصی تقریب ورسمِ چادر پوشی ادا کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے ،انتہا پسندی اور تشدد پرستی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ صوفیاء کے اسلوب دعوت وتبلیغ کو عام کیا جائے۔اسلام امن، رواداری،محبت اور انسان دوستی کا دین ہے،انکے افکار اور تعلیمات کا ابلاغ ہماری ذمہ داری ہے،فلاحی معاشرے کی تشکیل صوفیائ کی تعلیمات ہی سے ممکن ہے۔ خانقاہ رواداری اور انسان دوستی کا سب سے مؤ ثر ادارہ ہے۔ دین اور علم کی روایت صوفیاء کی وساطت سے خطے میں پہنچی،آج بھی خانقاہوں کو ایسی روایات کی آبیاری پر متوجہ ہونا چاہیے۔ ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور نے اس موقع پر عرس انتظامات کا جائزہ، بالخصوص سکیورٹی، صفائی اور لنگر کے امور کا معائنہ کیا۔ذونل ایڈ منسٹریشن اوقاف کو حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر،ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر، سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور فول پروف بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ذونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈیرہ غازی زاہد اقبال، منیجر اوقاف شفقت عباس اور زونل خطیب ڈیرہ غاز ی خان مولانا ریاض احمد سعیدی سمیت علمی، دینی اور روحانی حلقوں کی ممتاز اور معتبر شخصیات نے شرکت کی۔