حکومت نے معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے پیشرفت نہیں کی:حسن علی قادری
لاہور(کامرس رپورٹر)پروفیشنل ریسرچ فورم کے صدر سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے سنجیدگی سے پیشرفت نہیں کی۔اطلاعات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی جانب سے نوٹسز کی اسیسمنٹ کو بھی ٹیکسز کی مجموعی آمدن میں ظاہر کیا جارہا ہے۔ جب تک ادارے میں اصلاحات اور اس کی کڑی مانیٹرنگ نہیں کی جائے گی حالات میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی معیشت کی مضبوطی کیلئے طویل المدت پالیسیوں کی بجائے ایڈ ہاک ازم پر عمل پیرا رہی۔ جب حکومت کی مدت پوری ہونے میں محض ایک سے ڈیڑھ سال کا عرصہ باقی رہ گیا ہے تو انڈسٹریل پیکج دیا جارہا ہے اور ابھی تک اس کے بھی خدو خال واضح نہیں۔ موجودہ حکومت نے معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے اس طرح سنجیدگی نہیں دکھائی جس کی ضرورت تھی بلکہ بیورو کریسی کی رپورٹس پر سب اچھا سمجھا گیا۔ جب معیشت دستاویزی ہو تو پھر ایمنسٹی سکیمیں دینے کی ضرورت پیش نہیں آتی ،عوام ایمنسٹی سکیموں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔ معیشت کے حوالے سے متفقہ قومی پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جسے سیاست سے پاک ہونا چاہیے۔