بلوچستان میں بھی اختلافات ظہور بلیدی سے وزارت منصونہ بندی کا قلمدان واپس
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سینئر صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا قلم دان واپس لے لیا۔ بزنجو نے حکومت بلوچستان کے قوائد 2012ء کے قائدہ 3(5)کے تحت سینئر صوبائی وزیر میر ظہور بلید ی سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیا ت کا قلم دان واپس لے لیا، جس کے بعد محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس رہے گا۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ سینئر صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے گزشتہ کابینہ اجلاس سے اپوزیشن کے حلقوں کے لئے فنڈزکی منظوری دینے پر اعتراض کرتے ہوئے واک آئوٹ کیا تھا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ میرے حلقے کی عوام نے میرے خاندان کو 8 دفعہ اور مجھے 2 دفعہ ایوان میں نمائندگی کیلئے منتخب کیا۔ ہمارا خاندان خدمت کی سیاست کرتا ہے نہ کہ عہدوں کی وزارتیں بھی ہمارے لئے نئی نہیں، مجھے 2008ء میں کم عمر وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ عوام کے مفاد اور وزارت میں سے فیصلہ میرے لیے مشکل نہیں یہ بات انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا قلم دان واپس لینے پر رد عمل میں کہا کہ مجھے فخر ہے میں نے عوام کے حقوق اور صوبے کے مستقبل کا سودا کرنے کی بجائے مزاحمت کا فیصلہ کیا۔ میں نے کابینہ کے آئینی فورم پر غریب صوبے کے 30 ارب کے وسائل کی بندر بانٹ پر آواز اٹھائی اور اس کرپشن کے بازار کا حصہ بننے سے انکار کیا۔ اب ایک ممبر کے طور پر نااہل لوگوں کا محاسبہ کروں گا۔ محکموں میں نوکریوں اور ٹھیکوں کی بولی لگی ہوئی ہے۔ کچھ وزراء براہ راست ملوث ہیں، میں نے الحمدللہ اسمبلی کے فلور پر اور کابینہ کے اجلاس میں اس مکروہ عمل کی مخالفت کی۔