بلوچستان آپریشن ، فورسز پر حملوں میں ملوث کمانڈر سمیت دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد‘ کوئٹہ (خبر نگار خصوصی + بیورو رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گور چوپ تربت میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا۔ کلیئرنس آپریشن میں دہشت گردوں نے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ فرار دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر حاصل دودا اور وشدل سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد مکران میں حالیہ فائرنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ بلوچستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔