اپوزیشن 172ارکان نہیں لا سکتی ، وزیر اعظم چوروں لیٹروں سے نہ گھبرا ئیں
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ یہ میچ عمران خان جیتیں گے، وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، کھیل ابھی شروع ہوا ہے، اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے اپوزیشن کو 172 افراد لانے ہیں اور اس کیلئے ابھی 24دن پڑے ہیں، میری آج بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور وہ پر اعتماد ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے کارڈ چھاتی سے لگا کر رکھے ہیں، جوکچھ ہورہا ہے وہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے جارہا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر سپیکر یا وزیراعظم جو بھی فیصلہ کرتے ہیں میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ سپیکر14دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی، ابھی کھیل شروع ہوا ہے، اپوزیشن کو شکست ہو گی، 172ارکان نہیں لا سکتے، یہ سب اکٹھے ہو کر عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، عمران خان نے تمام زندگی ایسی سازشوں کا مقابلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی اسلام آباد جڑواں شہروں کی امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اسلام آباد میں ہونے والے مختلف مظاہروں اور جلوسوں کی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ڈی جی ایف آئی اے ثناء اللہ عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری سیکیورٹی ایوب چوہدری اور اورآئی جی اسلام آبادمحمد احسن یونس وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان لٹیروں اور منافقوں سے نہ گھبرائیں، وزیراعظم چوروں کو شکست دیں گے، سیاسی مخالفین ملک کی ترقی کے دشمن ہیں، انہیں ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا یہ 2 ماہ سے لگے تھے میچ تو ہونا ہی تھا‘ اب کٹی‘ کٹا نکل جائے گا۔ میرا یقین ہے یہ میچ عمران جیتیں گے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ میرے حساب سے 22 یا 23 مارچ کو اجلاس بلایا جائے گا۔ اس دوران او آئی سی کا اجلاس ہو گا۔ ساری دنیا کے وزرائے خارجہ 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں گے۔ اسلام آباد میں تماشا لگا ہو گا۔