شاہ محمود کا چینی ہم منصب کو فون: یوکرائن صورتحال پر تشویش سے آگاہ کیا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے کامیاب دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے متفقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے سی پیک کے معیاری منصوبوں اور پاکستان میں صنعتی نقل مکانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو یوکرائن کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ کثیرالجہتی معاہدوں، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب وانگ یی کو یوکرین، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری اور روسی وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کے ساتھ ہونے والے حالیہ رابطوں سے آگاہ کیا۔ وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔