• news

ارکان قومی اسمبلی سے ملا قا تیں ، تحریک عدم اعتماد ملکر نا کام بنا ینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک عدم اعتماد پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ان ایکشن ہیں۔ وزیراعلیٰ سے اسلام آباد میں ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ اور غلام بی بی بھروانہ شامل تھیں۔ سیاسی صورتحال، اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مل کر ناکام بنائیں گے۔ ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ اپوزیشن کا پراپیگنڈا ہماری صفوں میں انتشار پیدا نہیں کرسکتا۔ تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کے پاس ارکان پورے نہیں۔ وزیراعظم عمران خان پہلے بھی پراعتماد تھے اور آج بھی پراعتماد ہیں۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والوں کو خود ایک دوسرے پر اعتماد نہیں۔ وزیراعظم کو تمام ارکان اسمبلی کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور رہے گی۔ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے اور حکومت 5سال پورے کرے گی اور عوام عمران خان کو اگلے 5 سال کیلئے بھی وزیراعظم منتخب کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے۔ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کے انتظامی اور دفاعی اداروں میں بھی خواتین کا بھرپور کردار قابل ستائش ہے۔ خواتین کی ترقی اورانہیں بااختیار بنائے بغیرترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کو اپنے دانتوں سے گرہیں کھولنا پڑیں گی۔ سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔ اس وقت احتجاجی سیاست کرنا ملک کی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ دن میں خواب دیکھنے والے اور رات میں سازشیں کرنے والے ہمیشہ ناکام رہتے ہیں۔ پاکستان کو عمران جیسا ویژنری اور بے باک لیڈر ہی آگے لیکر جاسکتا ہے۔ ایک طرف کرپٹ سیاست دان ہے اور دوسری طرف عمران خان کی صورت میں ایماندار قیادت۔ کرپٹ مافیا کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ٹیکسلا کے قریب گاڑی کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ عثمان بزدارکی ہدایت پر ملتان میں دوسرا ’’احساس دسترخوان‘‘ قائم کردیا گیا۔ نادار اور محنت کشوں کیلئے دوسرے ’’احساس دسترخوان‘‘ پر محنت کشوں کو روزانہ صبح 7بجے سے 9بجے تک ناشتہ کی فراہمی شروع کردی گئی۔ ’’احساس دستر خوان‘‘ پر مسافر وں اور نادار لوگو ں کو روزانہ بلا معاوضہ ناشتہ فراہم کیا جارہا ہے۔ عثمان بزدار نے سبی میں دھماکے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن