• news

شجاعت کی فضل الرحمن کے گھر آمد ، تحریک  عدم اعتماد ، سیاسی صور تحال پر مشا ورت


اسلام آباد (خبر نگار) متحدہ اپوزیشن کیساتھ فاصلے کم کرنے کیلئے مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ق لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی حمایت یا مخالفت کے حوالے واضح موقف سامنے نہ آسکا ،جے یو آئی بھی موقف دینے سے گریزاں ہے ۔گذشتہ دنوں مسلم لیگ ق اور اپوزیشن رہنماؤں کے مابین بداعتمادی کی فضا قائم ہو گئی تھی۔ پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد اپوزیشن اتحاد کی جانب سے مسلم لیگ (ق) کو نظرانداز کیا جا رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق اسی تناظر میں مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ہے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین تحریک عدم اعتماد اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر اہم مشاورت ہوئی ہے۔ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ملاقات میں مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا اسعد محمود اور مولانا صلاح الدین بھی شامل تھے جبکہ چودھری شجاعت حسین کیساتھ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک حسین موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن