عبداللہ شفیق ‘ امام الحق نے پنڈی ٹیسٹ میں نئی تاریخ رقم کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق اور امام الحق نے نئی تاریخ رقم کردی۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی امام اور عبداللہ شفیق نے سنچری شراکت قائم کی جس کے بعد وہ آسٹریلیا کیخلاف 51سال بعد ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری شراکت بنانے والی پہلی اوپننگ جوڑی بن گئی ‘اس سے قبل 1971 میں انگلینڈ کے جیفری بائیکاٹ اور جان ایڈرچ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔آسٹریلیا کیخلاف کسی بھی وکٹ پر ایک ٹیسٹ میں دو سنچری شراکت والی یہ دوسری جوڑی ہے جبکہ امام اور عبداللہ کی جوڑی ایک ٹیسٹ میں دو سنچری پارٹنرشپ کرنے والی پاکستان کی تیسری اوپننگ جوڑی ہے۔2003 میں عمران فرحت اور توفیق عمر نے جنوبی افریقہ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا جب کہ گزشتہ برس بنگلہ دیش کے خلاف عبداللہ شفیق اور عابد علی نے دونوں اننگز میں سنچری شراکت بنائی تھی۔یونس خان اور اظہر علی نے 2014 میں تیسری وکٹ پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں نے منفرد ریکارڈ بنا ڈالا۔1877 میں جب سے ٹیسٹ کرکٹ شروع ہوئی ہے صرف تین بار ایسا ہوا ہے جب ٹیموں کے اوپنرز نے 300 سے زائد رنز جوڑے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ منفرد ریکارڈ کی فہرست میں شامل ہونے والا حالیہ ترین ٹیسٹ ہے۔پنڈی ٹیسٹ میں پاکستانی اوپنرز کے مابین 300 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ ہوئی۔ پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق نے 44 اور امام الحق نے 157 رنز جوڑے پھر اسی جوڑی نے دوسری اننگز میں252کا اضافہ کیا۔1947 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ ٹیسٹ پہلا موقع تھا جس میں تین سو رنز کا اوپننگ سٹینڈ بنایا گیا تھا۔تقریباً 60 سال بعد بھارت 2007 میں انوکھا ریکارڈ کی برابری کرنے میں کامیاب ہوا۔ بھارتی بلے بازوں نے غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا جسے شکست دینا مشکل ہے کیونکہ اس نے ٹیسٹ کی ایک ہی اننگز میں تین سو رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کی تھی۔