ریجنل ایسوسی ایشنز کی بحالی تک تعمیری کام نہیں ہوسکتا : نعمان بٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ نے کہا ہے کہ صوبائی ایسوسی ایشنز کو نامزد افراد کے ذریعے چلانا ملکی کرکٹ کیلئے تباہ کن ہے۔ سٹیک ہولڈرز کو کھیل کے انتظامی معاملات سے دور رکھنا، حقیقی اور بے لوث کرکٹ منتظمین کو مسلسل نظر انداز کرنے کا مطلب یہ کہ کرکٹ بورڈ تصویر کا دوسرا رخ دیکھنا نہیں چاہتا۔ ملک بھر میں کرکٹ کے انتظامی معاملات ملکی کرکٹ کی ضروریات سے ناواقف لوگوں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ گذشتہ تین برس میں بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی طرف سے سابق چیئرمین احسان مانی اور سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے دور آمریت کے کھیل دشمن فیصلوں کے سلسلے کو آگے بڑھانے پر کرکٹ کے حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ جب تک منتخب افراد آگے نہیں آئیں گے، ملک بھر کے کرکٹ منتظمین کیلئے راستہ نہیں کھلے گا، ریجنل ایسوسی ایشنز کو بحال نہیں کیا جائیگا اس وقت تعمیری کام نہیں ہو سکتا۔ کھلاڑیوں کو خراب کارکردگی پر ٹیم سے ڈراپ کیا جاتا ہے لیکن خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ملکی کرکٹ کو تباہ کرنے والے افسران کا کوئی احتساب نہیں کرتا۔ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ کے بہتر مستقبل کیلئے پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کو انتخابات کی طرف جانا پڑیگا۔ محسوس ہوتا ہے کہ بورڈ حکام آوازوں کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہیں حالانکہ ان کی توجہ کھیل کا معیار بلند کرنے پر ہونی چاہیے۔