• news

پی ٹی آئی کے مزید 6 ارکان کا بھی جہانگیر ترین سے رابطہ، وزیراعلیٰ کے امیدوار کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا

لاہور (نیوز رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے مزید چھ ناراض ارکان نے جہانگیر ترین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ ناراض ارکان بہت جلد جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہوجائیں گے۔ ناراض ارکان نے جہانگیر ترین کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ناراض ارکان جمعہ کو ترین گروپ کے رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ ترین گروپ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنے اور علیم خان کا نام تجویز کرنے کے بارے میں مختلف رائے سامنے آرہی ہیں۔ اس سلسلے میں سعید اکبر نوانی کا کہنا ہے کہ نعمان لنگڑیال نے وزیراعلی پنجاب پر عدم اعتماد کا اظہار اپنی طرف سے کیا  ہے۔ اس بارے میں میٹنگ میں کوئی بات میری موجودگی میں نہیں ہوئی تھی۔ دوسری طرف پنجاب میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے مسلم لیگ (ق) کی جانب سے نام مسترد کرنے کے بعد علیم خان کو ایک اور انکار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ترین گروپ کی اکثریت علیم خان کا نام تجویز کرنے کی حامی نہیں ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ترین گروپ کے ارکان نے پہلے دن سے گروپ کے ساتھ چلنے والے کسی ممبر کا نام تجویز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گروپ 19 ارکان پنجاب اسمبلی پر مشتمل ہے، پرانے ممبرز میں سے کسی کا نام تجویز کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن