بی اے پی کا اجلاس: عدم اعتماد سے متعلق مشاورت آج کریں گے: جام کمال
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان عوامی پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ جام کمال بی اے پی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے شرکت کی۔ پی ٹی آئی بلوچستان کے سابق صدر یار محمد رند نے بھی شرکت کی۔ بی اے پی خیبر پی کے سے پارلیمانی لیڈر بلاول آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مستقبل کا سیاسی فیصلہ جام کمال کے فیصلے کے ساتھ ہے۔ خیبر پی کے سے بی اے پی کے 4 ارکان اسمبلی جام کمال کے ساتھ ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا تھا کہ ہم نے پہلی بار چیئرمین سینٹ دیا، عدم اعتماد میں ساتھ دیا، ہم نے کہا یہ عہدہ ہمیں مہنگا پڑگیا۔ ہم فی سبیل اللہ نہیں عوام کی امنگوں کے مطابق سیاست کر رہے ہیں۔ ہمیں برابری کی سطح پر ترقیاتی فنڈ ملنے چاہئے تھے۔ پارٹی کے 5 ارکان قومی اسمبلی ہیں۔ تحریک عدم اعتماد سے متعلق ہماری پارٹی کی مشاورت آج ہوگی۔ جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم نے بلایا تھا ہم نے کہا کہ ہمارا ایک رکن خالد مگسی کم ہیں وہ آئیں گے تو ملاقات ہو گی۔