• news

اپوزیشن کے 5ارکان آنے سے تعداد 184، سپیکر جلد اجلاس بلائیں : فواد چودھری

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی حکومت نے اپوزیشن کے پانچ اراکین توڑنے کا دعوی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن سے کسی قسم کی بات چیت کے لیے تیار نہیں ہیں، سپیکر فوری طور پر اجلاس بلائیں۔ بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا آخری دائو پیچ بھی ناکام ہوگا۔ ہم مزید اکثریت سے واپس آکر اپوزیشن کو حیران کردیں گے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم اپنے نمبرز شو کررہے ہیں، 179سے زائد اراکین عمران خان کی حمایت کرتے ہیں، 5 ارکان آنے سے تعداد 184 ہو جائیگی۔ اپوزیشن 185کہہ رہی ہے میڈیا کے سامنے 172ہی شو کر دے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں خریدوفروخت کا بازار گرم تھا، نوازشریف نے بینظیر حکومت ختم کرنے کے لئے نوٹوں کی بوریاں کھولی تھیں، چھانگا مانگا کی سیاست کی تھی، اب نوازشریف اور زرداری مل کر دوبارہ نئی مارکیٹ کھولنا چاہتے ہیں، عمران خان رکاوٹ ہیں۔  فواد چودھری نے کہا کہ ندیم افضل کو کہا تھا کہ پیپلزپارٹی میں شامل ہونے سے بہتر ہے کانگریس میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے این ایف سی کا پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ سپیکر سے گزارش ہے کہ فوری طور پر اجلاس بلائیں۔ فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چوروں، ڈکیتوں اور ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہوا ہے، تحریک عدم اعتماد جمع کرا کے تینوں کرپٹ لوگ بند گلی میں پھنس چکے ہیں، آج عمران خان نے تینوں کی اصلیت بیان کی ہے، ابھی تو ان کی اور چیخیں سننے کو ملیں گی۔ بدھ کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اگر شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی تو اپنے اوپر فرد جرم عائد کیوں نہیں ہونے دیتے، ہر دفعہ شوباز سماعت میں التوا لینے کیوں پہنچ جاتے ہیں؟۔ جو چوری کرتا ہے وہ فرد جرم سے بھاگتا ہے، شہباز شریف نے یہ ثابت کر دیا ہے۔ شہباز شریف سمیت تمام چوروں کی آخری آرام گاہ جیل ہی ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بیرونی سازش ہے جو ناکام ہو گی، عمران خان آخری گیند تک ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اراکین قومی اسمبلی بیرونی سازش میں اپوزیشن کے آلہ کار نہیں بنیں گے، تحریک عدم اعتماد کے بعد اپوزیشن کا سیاسی وجود ختم کر دیں گے، چوروں کو آزاد نہیں پھرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تین بڑوں نے ایک پریس کانفرنس کی، یہ اس سے پہلے ایک دوسرے کو چور کہتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے انہیں تکلیف ہے، کچھ عالمی قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن