واوڈا کی سینٹ پر نثار کھوڑو سینٹر منتخب ،4پی ٹی آئی ارکان نے بھی ووٹ دیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ کے صدر نثار کھوڑو فیصل واوڈا کی نااہلی سے خالی سیٹ پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی خالی سینٹ کی نشست پر سندھ اسمبلی میں پولنگ ہوئی جس میں ارکان اسمبلی نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 103 ارکان نے ووٹ ڈالا، 2 مسترد ہوئے، نثار کھوڑو کو 99 ووٹ ملے۔ اہم بات یہ ہے کہ تحریک انصاف کے 3 اراکین اسمبلی اپنی جماعت سے منحرف ہوگئے ہیں اور تحریک انصاف کے الیکشن بائیکاٹ کے باوجود تینوں رہنما آئے اور انہوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف پیپلزپارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو کو ووٹ دے دیا۔ پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے سینٹ الیکشن کیلئے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا تاہم پی ٹی آئی رکن دیوان سچل اور کریم بخش گبول بھی سندھ اسمبلی پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اب جو کرنا ہے کرلیں بعد میں انہیں موقع نہیں ملے گا۔ پی ٹی آئی کے 4 ارکان نے سینٹ الیکشن میں ہمیں ہوٹ دیا ہے۔ عوام کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے ارکان بھی وزیراعظم کے ساتھ نہیں ہیں۔ عمران کے دن گنے جاچکے ہیں عوام کیلئے جلد اچھا وقت آئے گا۔ آپ عدم اعتماد میں دیکھ لیں گے کہ کون کون ہمیں ووٹ دیتا ہے۔