• news

سی پیک منصوبوں کو تحفظ دینے پر شکریہ، تعلقات کی قدر کرتے ہیں: آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان میں چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے بدھ کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام علاقائی ممالک کو پائیدار امن اور استحکام کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چینی ناظم الامور نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لئے کئے گئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو یقینی بنایا۔ 

ای پیپر-دی نیشن