• news

تحریک پیش ہونے کی دعائیں مانگ رہا تھا، اپوزیشن پھنس گئی، کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، زرداری پہلا ٹارگٹ: عمران

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت پر تحریک عدم اعتماد لے آئی، انہیں شکست دے کر ان کا پیچھا کروں گا۔ پہلا ٹارگٹ آصف زرداری، دوسرا ٹارگٹ مقصود چپڑاسی والا شوباز ہے، سندھ کے لوگ زرداری مافیا سے چھٹکارا چاہتے ہیں، اب آزادی کا وقت آ گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہائوس کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔ اندرون سندھ آ رہا ہوں۔ 14 سال زرداری مافیا نے سندھ کو لوٹا، سندھ کے لوگوں کی آزادی کا وقت آ گیا ہے، آپ سب کو کے سی آر کی مبارکباد دیتا ہوں۔ لوگوں نے ریکارڈ ٹیکس دیا۔ کراچی نے پاکستان کو ریکارڈ ٹیکس دیا۔ ہمارا ملک درست راہ پر گامزن ہے۔ پٹرول اور فضل الرحمان کی قیمتوں کو کم کیا۔ پاکستان میں پٹرول اور فضل الرحمان دبئی سے زیادہ سستا ہے۔ ڈاکوئوں کے گلدستے کو خوف آنا شروع ہو گیا کہ حکومت ہر مشکل سے نکلتی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ان کی سیاسی موت ہے۔ انہوں نے عدم اعتماد کی تحریک چلائی۔ انہوں نے وہ کام کیا جس کی میں اللہ سے دعا مانگتا تھا کہ یہ کریں۔ 25 سال سے ان چوروں کے خلاف جہاد کر رہا ہوں۔ اپنے ملک کیلئے ان چوروں کے خلاف لڑ رہا ہوں۔ یہ اربوں ڈالر ملک سے باہر لے گئے۔ آصف علی زرداری یہ ظالم ہے، پولیس اور غنڈوںکواستعمال کرتے ہیں۔ آصف زرداری نے میرے آدمیوںکو خریدنے کیلئے 20,20 کروڑ روپے رکھے ہیں۔ میری بندوق کی نوک پر آصف زرداری بڑی دیر سے آیا ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آصف زرداری خدا کا واسطہ ہے اپنے بچے کو اردو تو سکھا دو۔ 15 سال ہو گئے بلاول کبھی کہتا ہے بارش آتا ہے تو پانی آتا ہے، بلاول کو تو یہ نہیں پتا لڑکی آتا ہے یا آتی ہے۔ مقصود چپڑاسی والے تمہارا وقت بھی آ گیا ہے۔ مقصود چپڑاسی والا اگلے 3 ماہ میں جیل جانے والا ہے۔ انکا پیسہ واپس لا کر بجلی کی قیمت اور کم کریں گے۔ فضلو، مسٹر ڈیزل، تم بھی تیار ہوجائو، فضل الرحمان کے پاس اربوں کیسے آئے؟ کام تو کوئی کرتا نہیں، چوروں کے ٹولے کیخلاف جنگ عمران خان کی نہیں ملک کے ہر بچے کی ہے۔ ان کی شکلیں دیکھو یہ ملک بچانے نکلے ہیں۔ کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، جن کا پیسہ باہر پڑا ہے وہ بڑا بول رہے ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، امن میں ساتھ ہوں، جنگ میں ساتھ نہیں دوں گا۔ عمران خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کی موت آئی ہے جو تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔ انہیں نہیں پتہ ہم نے کتنے بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔ دعائیں کر رہا تھا کہ کسی طرح ان کی گردن میرے ہاتھ آ جائے‘ اپوزیشن نہ صرف جال میں پھنس گئی ہے بلکہ کپتان نے اگلی تیاری بھی کر رکھی ہے‘ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد میں ان کے پیچھے جاؤں گا۔ ڈاکو اور چور کہتے تھے آج عدم اعتماد کریں گے‘ کل کریں گے‘ حکومت آج گئی کل گئی‘ میں نے ان سے آ گے کا سوچ لیا‘ پہلے میرے ہاتھ بندھے ہوئے تھے‘ لیکن اب زنجیر کھل جائے گی‘ اب میں ان کو نہیں چھوڑوں گا۔ آصف زرداری پیسوں کا ٹوکرا لے کر گھوم رہے ہیں‘ لوگوں کو خرید رہے ہیں‘ سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے نجات چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن