آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان پر مشتمل سہ فریقی سیریز کی میزبانی کیلئے تیار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلے نے کہا ہے کہ آسٹریلیا بھارت اور پاکستان پر مشتمل سہ فریقی سیریز کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2013ء سے اب تک صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کرکٹ کونسل کے مقابلوں میں ایک دوسرے سے کھیلے ہیں۔ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا تھا کہ وہ آئی سی سی کو چار ملکی سیریز کی تجویز دیں گے اور کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ سے حاصل ہونیوالے منافع کو آئی سی سی کے تمام ارکان کیساتھ فیصد کی بنیاد پر شیئر کیا جا سکتا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کچھ ایسا ہے جسے ہر کوئی عالمی کرکٹ میں دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے رائے دی کہ ان کے بورڈ نے اس تجویز پر بات نہیں کی ہے لیکن وہ پاکستان اور بھارت کی سہ فریقی سیریز کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ ذاتی طور پر مجھے سہ فریقی سیریز کا تصور بہت پسند ہے، ماضی میں اس سے اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ ہم میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں کیونکہ آسٹریلیا میں بھارت اور پاکستان دونوں کی بڑی کمیونٹیز آباد ہیں۔ یہ ایک ایسا مقابلہ ہے جسے ہر کوئی عالمی کرکٹ میں دیکھنا چاہتا ہے اور اگر ہم مزید مواقع فراہم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں تو ہم ایسا کرنا پسند کریں گے۔