کر کٹ قوانین تبدیل گیند کو چمکا نے کیلئے تھوک لگانا ٹیمپر نگ قرار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)میری لی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیاں کردیں، نئے قانون کے مطابق گیند کو تھوک لگا کر چمکانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ایم سی سی کے نئے قوانین کے مطابق یکم اکتوبر سے گیند پر تھوک لگانے کے عمل کو ٹیمپرنگ تصور کیا جائے گا، بیٹر کے کیچ آؤٹ کے قانون میں تبدیلی کی گئی ہے ، اگر اوور ختم نہیں ہوا تو کیچ آؤٹ پر نیا آنے والا بیٹر ہی اگلی گیند کا سامنا کرے گا۔کیچ آؤٹ ہونے کی صورت میں سٹرائیکر اینڈ تبدیل نہیں ہوگا ، میدان میں کسی جانور یا شخص کے آنے کی صورت میں امپائر ڈیڈ بال قرار دینے کا اہل ہوگا۔یہی نہیں بلکہ وائیڈ کا فیصلہ بائولر کے رن اپ سے قبل بیٹر کی پوزیشن کی بنیاد پر ہوگا ، رن اپ کے دوران اگر بیٹر پوزیشن تبدیل کرے تو وائیڈ کے فیصلے پر اسکا اثر نہیں ہوگا۔بائولر کے رن اپ کے دوران فیلڈر کی غیر ضروری موومنٹ پر بیٹنگ ٹیم کو پانچ پنالٹی رنز ملیں گے۔کرکٹ قوانین بنانے والے کلب ایم سی سی نے نئے کرکٹ قوانین کی منظوری دیدی ہے۔اس سے قبل کرونا کے باعث آئی سی سی نے تھوک سے گیند چمکانے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا تھا، جس کا اولین مقصد کھلاڑی کی صحت کی حفاظت تھا۔آئی سی سی کی جانب سے گیند پر تھوک لگانے کی پابندی کے بعد یہ خیال کیا جارہا تھا کہ یہ اقدام سوئنگ کے اثر و رسوخ کو ختم کردیگا۔