آئی سی سی نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی وکٹ کو معیار سے کم قرار دیدیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی وکٹ کو معیار سے کم قرار دیدیا ہے، سزا کے طور پر وینیو کو ایک ڈی میریٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کی وکٹ کو ہر جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا، میچ کے پانچ روز میں صرف 14 وکٹیں گرسکی تھیں اور مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا تھا جس کے بعد آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو معیار سے کم قرار دیا ہے۔ رنجن مدوگالے نے رپورٹ میں کہا کہ پانچ روز کے دوران وکٹ کے ردعمل میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، وکٹ پر نہ فاسٹ بائولرز کیلئے کچھ تھا اور نہ ہی سپنرز کو کوئی مدد ملی جس کی وجہ سے بیٹ اور بال میں یکساں مقابلہ نہ رہ سکا، اس لئے آئی سی سی قوانین کے مطابق اس وکٹ کو معیار سے کم قرار دیا جارہا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیدیا گیا ہے، یہ ڈی میرٹ پوائنٹ پانچ سال تک ایکٹیو رہے گا۔ اگر کسی وینیو پر ایک ساتھ پانچ ڈی میرٹ پوائنٹ عائد ہوجائیں تو اس کے ایک سال تک کسی میچ کی میزبانی پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔