• news

وزراء نے بتایا وزیراعظم پنجاب میں تبدیلی پر راضی ہوگئے: طارق بشیر چیمہ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزراء نے انہیں بتایا وزیراعظم پنجاب میں تبدیلی پر راضی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال پر (ق) لیگ کا طویل ترین مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی، اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں سے مشاورتی عمل پر بات کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی فیصلے کا امکان ہے۔ جبکہ وفاقی کمیٹی نے پنجاب میں تبدیلی سے متعلق بھی فوری تاریخ دینے سے انکار کردیا ہے۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم  نے وزراء سے سوال کیا کہ ایسا کب ہوگا؟ جس پر وزراء نے بتایا کہ پہلے وفاق کی عدم اعتماد گزر جائے۔ ذرائع کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم نے وزراء سے کہا کہ کیا حکومت نے ہمیں بچہ سمجھا ہے، کیسے یقین کر لیں کہ وفاق میں عدم اعتماد کے بعد حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے؟۔ اپوزیشن کی جانب سے ہمیں وزیراعلیٰ کی پیشکش ہے مگر حکومت کی طرف سے ہمیں لولی پاپ ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ تحریک عدم اعتماد کے مقابلے پر مشاورت کی گئی۔ ق لیگ نے حکومت یا اپوزیشن سے اتحاد سے متعلق فیصلے کا اختیار چودھری پرویز الٰہی کو دیدیا۔ کامل علی آغا نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی جو فیصلہ کریں گے ارکان اس پر عمل درآمد کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن