عثمان بزدار کیساتھ 80 سے زائد ایم پی ایز کی ملاقاتیں
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں 80 سے زائد ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلی سے ترین گروپ، علیم گروپ اور ہم خیال گروپ کے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں۔ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی بھی ملے۔ ملاقاتیں 10 گھنٹے تک جاری رہیں۔ ارکان اسمبلی نے وزیر اعلی عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی نے ارکان اسمبلی کے حلقوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لئے ہدایات دیں۔ وزیر اعلی نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف متحد اور پہلے سے مضبوط جماعت ہے۔ کوئی ہم میں خلیج پیدا نہیں کر سکتا۔ اپوزیشن کی جانب سے خرید وفروخت کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ مخالفین پہلے بھی منڈیاں لگا چکے ہیں لیکن اب ان کا مقابلہ تحریک انصاف سے ہے۔ پاکستان میں چھانگا مانگا یا مری کی سیاست نہیں چلے گی۔ پاکستان میں صرف ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہو گی۔ تحریک عدم اعتماد میں یقینی ناکامی دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ اراکین اسمبلی نے مسائل کے حل کے لئے فوری احکامات کے اجرا پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کے طور پر صوبے کی عوام کی خدمت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ سازشیں کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی دیوار پر لکھی نظر آ رہی ہے اور اپوزیشن جانتی ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں برتری حاصل ہے۔تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا کبھی نہ پورا ہونے والا خواب ثابت ہوگا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی-سازشی عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا-اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کو عبرتناک شکست ہو گی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء سردار آصف نکئی، ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی، مشیر فیصل حیات جبوانہ، سابق وزیر ایم پی اے مہر اسلم بھروانہ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی خرم شہزاد، کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، غضنفر عباس چھینہ، غلام علی اصغر، تیمور لالی، منیب سلطان چیمہ، سردار محی الدین کھوسہ اور دیگر شامل تھے-چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجو د تھے۔ عثمان بزدار نے خاتون اول کے بارے میں بلاول کے نازیبا ریمارکس کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نامعقول بیان اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔ بلاول بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے پہلے اپنا گھر دیکھیں۔ یہ عدم اعتماد کی یقینی ناکامی کو دیکھتے ہوئے فرسٹریشن کا شکار ہیں اور یہ من گھڑت ریمارکس جمہوری، سماجی، تہذیبی اوراخلاقی روایات کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر سے گزشتہ روز تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے 2 ارکان پنجاب اسمبلی نے بھی ملاقات کی ۔ملاقات کرنے والوں میںترین گروپ کے فیصل حیات جبوانہ اور مہر اسلم بھروانہ شامل تھے ۔تفصیلات کے مطابق دونوں ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ کی ہمشیرہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں محمد بشارت راجہ اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور صبر جمیل وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے صوبہ بھر میں بھر پور مہم چلانے کا حکم دیا اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔ سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی و شاعر فرہاد زیدی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔