لوئر دیر جلسہ‘ وزیر اعظم کو نوٹس: آرڈیننس کے بعد الیکشن کمشن کو اختیار نہیں: اٹارنی جنرل
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔ نوٹس میں وزیراعظم کو خود یا بذریعہ وکیل 14 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مراد سعید اور انور زیب کو بھی نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر دیر نے جاری کیا ہے۔ وزیراعلیٰ، وفاقی وزراء کو بھی خود یا بذریعہ وکیل 14 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن نے وزیراعظم کو لوئر دیر کا دورہ کرنے سے روکا تھا۔ الیکشن کمشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے خطاب کیا۔ اس معاملے پر اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن صدر مملکت کا جاری کردہ آرڈیننس نظر انداز نہیں کر سکتا، آرڈیننس میں دی گئی سیاسی سرگرمی کی اجازت سے منع نہیں کرسکتا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ الیکشن کمشن کے پاس اختیار نہیں کہ وہ آرڈیننس کا اثر زیرو کرسکے۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر نظرثانی کردی، الیکشن کمشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیصلہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، تمام ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی، پبلک آفس ہولڈرز پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی رہے گی۔دریں اثناء الیکشن کمشن کی جانب سے گورنر خیبر پی کے شاہ فرمان‘ وزیر دفاع پرویز خٹک‘ ایم پی اے لیاقت علی‘ معاون خصوصی ملک شفیع اﷲ کو بھی نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔