علیم خان نواز شریف سے ملے‘ ذرائع: ملاقات نہیں ہوئی‘ ترجمان علیم گروپ
لندن ‘ لاہور‘ شیخوپورہ(عارف چودھری+نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور علیم خان کی ملاقات بدھ کے روز ہوئی جو تقریباً تین گھنٹے جاری رہی جب کہ جہانگیرترین ملاقات میں موجود نہیں تھے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور علیم خان کی ملاقات کا اہتمام مشترکہ دوستوں نے کیا جس میں علیم خان نے سابق وزیراعظم کو بتایا کہ ان کے ساتھ تین سال میں کیا ہوتا رہا اور ان کی اپنی جماعت پی ٹی آئی نے ان کو کس طرح نشانہ بنایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان ہے۔ پاکستان تحریک کے رہنما و سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی۔ ترجمان میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ علیم خان کی لندن میں نواز شریف یا جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علیم خان آج لندن سے پاکستان واپس آئیں گے‘ علیم خان لندن بچوں سے ملنے گئے تھے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ علیم خان واپس آ کر اپنی سیاسی حکمت عملی سامنے لائیں گے۔ ذرائع کے مطابق علیم خان اور نواز شریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔ بدھ کو ملاقات تین گھنٹے جاری رہی۔