• news

منی لانڈرنگ کیس، شہبازشریف، حمزہ فرد جرم کیلئے 25 مارچ کو طلب

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپیشل سینٹرل عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے جعلی اکاؤنٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے 25 مارچ کو طلب کرلیا عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے 18 فروری کو دوران سماعت شہبازشریف کے 40 منٹ سے زائد تقریر کر کے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی میں تاخیر ی حربہ استعمال کرنے پر توہین عدالت کی دائر درخواست پر بھی سماعت 25 مارچ مقرر کر دی جبکہ شہباز شریف خاندان کی شوگر مل کے چیف فنانشل آفیسر عثمان احمد کی جانب سے چالان اور عدالت کے دائرہ اختیار کے حوالے سے درخواست پر بھی 25 مارچ کو سماعت ہو گی۔ سپیشل سنٹرل کورٹ نے ایف آئی اے کو پابند کیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں بنک افسران کے بیانات تین روز میں جمع کرائے جائیں عدالت نے عثمان احمد کے وکلاء کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن