لاہور میں تنظیم سازی نا مکمل ، بلاول بھٹو کا اظہار برہمی ، 30 مارچ کا ٹارگٹ دیدیا
لاہور( نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی لاہور کی تنظیم سازی مکمل نہ ہونے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے برہمی کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے 30 مارچ تک پیپلز پارٹی لاہور کی تنظیم سازی مکمل کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی لاہور کی تنظیم سازی طویل عرصے سے نامکمل چلی آ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کی زونل تنظیم ابھی تک نامکمل ہے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی نہ ہونے کے برابر ہے۔ الائیڈ ونگز بھی مکمل نہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تنظیم سازی مکمل نہ ہونے پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل سے ناراضی کا اظہار کیا اور انہیں 30 مارچ تک تنظیم سازی مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زونل صدور اسلم گل کو خاطر میں نہیں لا رہے جو تنظیم سازی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری جمیل منج کا کہنا ہے کہ 30 مارچ سے قبل ہی لاہور کی تنظیم سازی مکمل کر لیں گے۔