مشرقی پنجاب میں عام آدمی پارٹی ، گوا، اتراکھنڈ ، یوپی ، منی پور میں بی جے پی کامیاب
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاستوں کی اسمبلیوں میں ہونے والے انتخابات میں مشرقی پنجاب کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا جہاں کانگریس کے بڑے بڑے بت ’’عام آدمی پارٹی‘‘ کے عام سے امیدواروں نے زمین بوس کر دیئے جبکہ اترپردیش، اتر اکھنڈ، منی پور اور گوا میں بی جے پی جیت گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس بار ہونے والے ریاستی انتخابات روایت شکن ثابت ہوئے، سب سے حیران کن نتائج مشرقی پنجاب کے رہے جہاں نوجوت سدھو سمیت کانگریس کے بڑے اور مضبوط امیدوار قدرے نا تجربہ کار اور متوسط طبقے کے امیدواروں سے شکست کھا گئے۔ نئی دہلی کی حکمراں جماعت ’’عام آدمی پارٹی‘‘ کے امیدوار جو موبائل فون کی دکان پر سیلز مین ہے نے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو شکست دیدی۔ وزیراعلیٰ کو شکست دینے والے لابھ سنگھ اگو کے والد کھیتوں میں مزدور اور اور والدہ سکول میں خاکروب ہیں۔کانگریس کے رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ ساتھ شرومنی اکالی دل کے رہنما پرکاش سنگھ بادل اور بیٹے سکھبیر سنگھ کو بھی شکست ہوئی۔ عام آدمی پارٹی مشرقی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی۔ عام آدمی پارٹی نے بھگونت مان کو ریاست کے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کیا ہے جو ایک اداکار اور کامیڈی بھی رہے ہیں۔ علاوہ ازیں 2019 ء میں وہ عام آدمی پارٹی پنجاب کے کنوینئر بنے اور اب تک 3 بار رکن اسمبلی بن چکے ہیں۔