انتخابی آرڈیننس خلاف قانون : الیکشن کمشن ، وزیراعظم ، وزرائے اعلٰی کے مہم چلانے پر پابندی برقرار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کو خلاف قانون قرار دیدیا اور کہا ہے کہ آرڈی یننس کا سیکشن 181 اے، الیکشن ایکٹ کی شق 233 سے براہ راست متصادم ہے۔ الیکشن کمشن نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ ترمیمی آرڈیننس الیکشن کمشن کے مینڈیٹ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جاری کیا گیا، انتخابی ضابطہ اخلاق بنانا الیکشن کمشن کا مینڈیٹ ہے۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ سیکشن 181 شفافیت اور تمام امیدواروں کو یکساں مواقع دینے کے برخلاف ہے۔ دریں اثنا الیکشن کمشن نے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز کے انتخابی مہم چلانے پر پابندی برقرار ہے، سپیکرز، وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے مشیر بھی انتخابی مہم نہیں چلاسکیں گے، اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو انتخابی مہم چلانے کی مشروط اجازت ہوگی۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم میں حصہ لینے والے اراکین پارلیمنٹ قواعد کے پابند ہوں گے، منتخب بلدیاتی نمائندے بھی قواعد کے تحت انتخابی مہم میں حصہ لے سکیں گے۔