30 افکان کی ملاقاتیں ، عمران سرخرو ہونگے ، اپوزیشن کی سازشیں نا کام بنائیں گے : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں 30 سے زائد اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیا اورکہا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اورکھڑے رہیں گے۔ آپ نے ہمیشہ ہمارے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیہ سمیت اشرف خان رند، سردار منصور احمد خان، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان، عون حمید ، غزین عباسی ،سمیع اللہ چودھری،ندیم قریشی، آصف مجید،لطیف نذر، سردارفاروق امان اللہ دریشک ، سردار اویس دریشک ،عبدالرحمان خان، چودھری عادل پرویز گجر،گلریز افضل گوندل ،عمر فاروق، رانا شہباز احمد،احسن سلیم بریار، میاں فرخ ممتاز مانیکا اور دیگر شامل تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما سلیم بریار، طاہر بشیر چیمہ اور چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی ا س موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ افراتفری کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے۔ اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتیات کے گرد گھومتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے۔ عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے۔ وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ عوام کی حمایت سے اپوزیشن کی ہر سازش کو پہلے بھی ناکام بنایا اور آئندہ بھی بنائیں گے۔ تحریک عدم اعتماد کی یقینی ناکامی دیکھ کر اپوزیشن رہنمائوں کے چہروں پر مایوسی عیاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں۔ اپوزیشن کی پوری سیاست صرف ذاتی مفادات اور اقتدار کے گرد گھومتی ہے۔ تمام اپوزیشن اکٹھی بھی ہوجائے تو بھی عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کوتقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ حزب اختلاف کے عناصر نے ثابت کیا ہے کہ ان کے دل میں عوام کیلئے کوئی درد نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستان کے 16سالہ کھلاڑی احسن رمضان کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کم عمری میں احسن رمضان نے سنوکر چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا اور اپنی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے سبز ہلالی پرچم کوبلند کیا۔ انہوں نے کہاکہ احسن رمضان نے قوم کا سرفخر سے بلند کیاہے۔