فضل الرحمان امت مسلمہ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں: ناصر الدین خاکوانی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) مولانا فضل الرحمان امت مسلمہ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، آپ اس وقت متفقہ طور پر تمام دینی طبقے کے قائد اور میدانِ سیاست میں نمائندے ہیں۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست اور ہزاروں مدارس و لاکھوں علماء و طلبہ کے معتمد ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کیخلاف زبان درازی، بد زبانی اور گندی زبان ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی۔ حکمران خود کو بد زبانی سے باز رکھیں ورنہ دنیا و آخرت میں رسوائی مقدر بنے گی۔ فضل الرحمان کو سیاست کی پْرخار وادی میں چار عشرے گزر چکے ہیں، ان کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے، ان کے بدترین دشمن بھی آج تک انہیں کسی مالی و اخلاقی سکینڈل میں ملوث نہیں کر سکے۔ ان کا شمار ملک کے سینئر ترین، تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاست دانوں میں ہوتا ہے، جن کی عظمت کا لوہا اپنے پرائے سب مانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر حضرت پیر ناصر الدین خاکوانی، نائب امراء مولانا خواجہ عزیز احمد ،مولانا سلیمان یوسف ،مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا عزیز الرحمٰن جالندھری، مرکزی رہنما اللہ وسایا، اسماعیل شجاع آبادی، شہاب الدین پوپلزئی، عزیز الرحمن ثانی، محمد اعجاز مصطفی، مولانا خالد محمود اور مولانا قاضی احسان احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ علاوہ ازیں علمائے کرام کے ایک وفد نے عبدالخیل ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، وفد میں مولانا محمد اعجاز مصطفی، مفتی خالد محمود و دیگر حضرات شامل تھے۔