حکومت کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ مشاورت سے کریں گے: اجمل چیمہ ‘ نعمان لنگڑیال
دنیا پور (نامہ نگار) تنگ کرنے کے باوجود ترین گروپ اپنے پیروں پر مضبوطی سے کھڑا ہے، ترین گروپ کے رہنماؤں کو حکومت کی جانب سے مشکلات کا سامنا ہے اور ہمیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترین گروپ کے رہنماؤں و صوبائی وزراء اجمل چیمہ اور ملک نعمان لنگڑیال نے دنیاپور میں سابق صوبائی وزیر و ترین گروپ کے ایم پی اے کے بھتیجوں کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترین گروپ جہانگیر ترین کی سربراہی میں متحد ہے، ہم جہانگیر ترین کے فیصلے کے پابند ہیں، وہ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اور ملکی مفاد میں بہترین فیصلہ کرینگے۔ جہانگیر ترین مکمل تندرست ہیں اور کسی وقت انکی پاکستان واپسی متوقع ہے۔ جہانگیر ترین کو تمام فیصلوں کا مکمل اختیار ہے حتمی فیصلہ وہی کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علیم خان ہمارے بھائی ہیں ان سے اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ان سے نظریاتی اختلاف ہوسکتا ہے۔ حکومت کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ ان کے ہمراہ دیگر وزراء و مشیر عبدالحئی دستی، جاوید انصاری، سید رفاقت گیلانی بھی موجود تھے۔