3 روز میں 130 ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں اپوزیشن نامراد رہے گی : عثمان بزدار
لاہور+حافظ آباد(نیوز رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے3 روز میں 130سے زائد ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ترین، علیم، ہم خیال گروپ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فارورڈ بلاک کے ارکان شامل تھے۔ صوبائی وزرائ، مشیروں اور معاونین خصوصی نے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ خواتین اور اقلیتی پارلیمنٹیرینز بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی میرے بھائی، دوست اور دست و بازو ہیں۔ سیاست میں رواداری اور احترام کے اصولوں کے قائل ہیں۔ عثمان بزدار سے حافظ آباد میں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے نشستوں پر فرداً فرداً شرکاء سے ملاقات کی اور حا ل احوال دریافت کیا۔ ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پونے چار سال میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے پیش کئے۔ ضلع حافظ آباد میں 18 ارب 70 کروڑ روپے کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ دیئے گئے۔ حافظ آباد میں نیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ ضلع حافظ آباد میں 2 نئے ایسوسی ایٹ کالج بنائے جائیں گے۔ حافظ آباد میں فراہمی و نکاسی آب، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور دیگر 26 ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔ حافظ آباد میں 64 دیہی مراکز مال مکمل ہو چکے ہیں جبکہ مزید 53 دیہی مراکز مال قائم کریں گے۔ حافظ آباد اور گرد و نواح کا ہر شہری قومی صحت کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے دشمن کچھ بھی کر لیں، تبدیلی آکر رہے گی۔ پنجاب کو شب روز محنت کرکے حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کیا، مخالفین کو عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی چبھتی ہے۔