سڑکوں پر عمران بہت خطرناک ہوگا ، کوئی نجی فورس اسلام آباد آئی تو کچل کر رکھ دونگا : شیخ رشید
اسلام آباد (خبر نگار) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میرا ایمان کی حد تک یقین ہے سڑکوں پر عمران خان بہت خطرناک ہو گا۔ کسی نجی فورس کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں۔ جو نجی فورس اسلام آباد آئی اسے کچل کر رکھ دوں گا۔ اصل سیاست 15 تاریخ کے بعد شروع ہو گی۔ عمران خان مزید مضبوط ہو جائے گا۔ دوستوں کو مشکل میں ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دنیا میں اس سے بڑی بے وقوف اپوزیشن نہیں دیکھی۔ الیکشن میں ایک سال رہ گیا۔ اس وقت عدم اعتماد کا کوئی فائدہ نہیں۔ بلو رانی کو کچھ نہ کہیں۔ دل کے مسئلے کو دل والا جانتا ہے دکان والا نہیں۔ اگر بلو رانی کو کچھ کہا تو میں ناراض ہو کر چلا جاؤں گا۔ دولت کا آخری انجام دیکھنا ہے تو آصف زرداری‘ نواز شریف کو دیکھ لیں۔ لوٹی ہوئی دولت ان کیلئے عذاب بن گئی ہے۔ میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔ ایم این ایز کی حفاظت کیلئے ڈنڈا بردار فورس لیکر آئے۔ ہم بھی ایم این ایز کی حفاظت کرنے کیلئے اگر ضرورت پڑی تو اسلام آباد میں فوج کو بھی طلب کر سکتے ہیں۔ اپوزیشن کا کام یہی ہے جو وہ کر رہی ہے‘ ہم بھی جب اپوزیشن میں تھے تو ایسے ہی بڑھکیں مارتے تھے۔ لیکن عمران خان کہیں نہیں جا رہا وہ 5 سال پورے کرے گا۔ ہم عمران خان کے ساتھ چٹان اور سائے کی طرح کھڑے ہیں۔ دو روز بعد عمران خان کی پوزیشن اور واضح ہو جائے گی۔ جو بھی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا قوم اسے عزت دے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اجلاس سپیکر نے بلانا ہے اور سپیکر کا فیصلہ قانونی و آئینی ہو گا۔ اس کا فیصلہ کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہو سکتا۔ سپیکر 15 مارچ کے بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیں گے‘ 22 سے 30 مارچ تک کے دن بہت اہم ہیں۔ مجھ پر بہت احسانات ہیں۔ چودھری شجاعت میرے بھائی ہیں‘ ان کیخلاف بات نہیں کر سکتا۔ ملک کو جمہوریت کی طرف جانا چاہئے۔ پی ٹی آئی‘ اپوزیشن کا جلسہ ایک جگہ ہوا تو وزارت داخلہ بہتر راستہ نکالے گی۔