• news

بھارتی افواج کی ریاستی دہشتگردی ، محاصرے ، تلاشی جاری ، ایک نوجوان شہید 

سرینگر۔(اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں گزشتہ روز ضلع کپواڑہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیاجس سے جمعرات سے زیرتسلط علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے نیوچاما میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے صحافیوں کو بتایا کہ کپواڑہ میں نصف شب کے بعد مشترکہ کارروائی شروع کی گئی ہے۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا ۔غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جسمانی طورپر معذورافراد کی تنظیم ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں جموں میں ایک احتجاجی ریلی نکالی ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں منگل کو سول سیکرٹریٹ کاگھیرائو  کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ معذور افراد کی ایک بڑی تعداد جموں کے ڈوگرہ چوک کے قریب جمع ہوئی اور احتجاج درج کرایا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے کی۔بعد ازاں مظاہرین نے پانامہ چوک کے قریب ڈویڑنل کمشنر آفس کی طرف مارچ کیا اور ایڈیشنل ڈویڑنل کمشنر جموں کو مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی۔ غیر قانونی طور پربھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی جوائنٹ ایکشن کمیٹی رامبن نے حد بندی کمیشن کے مجوزہ مسودے کے خلاف ایک اجلاس منعقد کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس کے شرکانے کہا کہ حد بندی کمیشن بھارتیہ جنتا پارٹی  بی جے پی کی ایک ذیلی تنظیم بن چکی ہے جس کا واحد مقصد لوگوں کو بے اختیار کرنا ہے۔غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بڑھتے  واقعات اور علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کے مسلسل تشدد اور خونریزی نے کشمیریوں کی بقاکو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے جو بھارت کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن