عمران دھاندلی میں مصروف ، ان کیخلاف سب سے ہاتھ ملائینگے : بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم سے پاکستان کے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، عدم اعتماد کا چیلنج پاکستان کے عوام کا چیلنج ہے۔ یہ شخص غیر جمہوری ہے اور فکس میچ پر یقین رکھتا ہے۔ وزیراعظم کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور گالی دینے پر اتر آیا۔ کیونکہ اسے شکست نظر آرہی ہے۔ وزیراعظم کے نمائندے اعلان کررہے ہیں ہم ووٹ نہیں گنیں گے۔ وزیراعظم اپنی گنتی پوری کرنے کی نہیں دھاندلی کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور چیف الیکشن کمشنر وزیراعظم کے بیانات سنیں۔ ان سے اپیل ہے کہ کسی ممبر کو اپنا ووٹ ڈالنے سے نہ روکا جائے۔ تمام نمائندوں کو اپنا ووٹ ڈالنے دیا جائے۔ پارلیمنٹ کے ممبران کو ان کا ووٹ کا حق دیا جائے۔ آئینی تحفظ کیلئے ارکان کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے۔ ہر رکن قومی اسمبلی کا حق ہے کہ اسے ووٹ کا حق ملے اور وہ ضرور ووٹ ڈالے۔ پارلیمنٹرینز کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی سازش کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کو مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ پاکستانی تاریخ کی یہ پہلی عدم اعتماد ہے جس کے پیچھے عوام کی طاقت ہے۔ اراکین اسمبلی کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اپنی تقریر میں کس کو جانور کہا۔ جو نقصان عمران خان نے ملک کے ساتھ کیا اس کے ازالے کیلئے آنے والا وقت مشکل ہوگا۔ غیرجمہوری وزیراعظم کو نکالنے کیلئے ہر کسی سے ہاتھ ملائیں گے۔ انہیں چیلنج کرتا ہوں جلد از جلد اسمبلی اجلاس بلائیں۔ اگر ہمارے نمبرز پورے نہیں ہوتے تو کیا عمران خان اتنے پریشان نظر آتے۔ گالی دینا ہم بھی جانتے ہیں مگر نہیں دیں گے۔ وزیراعظم کے پاس چند دن رہ گئے۔ آپ کیسے آئندہ آنے والے برسوں کے منصوبوں کا اعلان کررہے ہیں۔ ہمیں عدم اعتماد جیتنا ہے۔ عمران خان کا ڈی چوک میں جلسہ کرنے کا اعلان آخری کوشش ہے۔ ایم کیو ایم کو ایک سازش کے تحت ہم سے دور کیا گیا، ایم کیو ایم کے ساتھ ماضی میں کئی ایشوز رہے۔ سندھ کیلئے مل کر کام کرنے سے مسائل حل ہوں گے۔ غیرجمہوری وزیراعظم کو نکالنے کیلئے ہر کسی سے ہاتھ ملائیں گے۔ ہمارے نمبر پورے نہ ہوتے تو کیا عمران خان اتنے پریشان ہوتے، چیلنج کرتا ہوں آج ہی قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔ بلاول نے مزید کہا کہ عدم اعتماد اس خارجہ پالیسی کیخلاف ہے جس نے پاکستان کو دنیا بھر میں تنہا کیا ہے۔ عدم اعتماد پر صرف اپوزیشن نہیں بلکہ عوام بھی ہمارے ساتھ ہے۔ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے اراکین اسمبلی کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے۔ جو شخص اپنے اراکین پر اعتماد نہیں کرسکتا وہ حکومت کیسے کرسکتا ہے۔